نعتِ رسولِ مقبولﷺ
وسیلے آپ کے میں مانگتا چلا جاؤں
خدا جو دیتا رہے بانٹتا چلا جاؤں
جو خواب میں بھی رفاقت نصیب ہوجائے
تو نقشِ پائے نبیؐ چومتا چلا جاؤں
ہو اذنِ دید تو پھر شوق سے برہنہ پا
درِ حضور پہ میں بھاگتا چلا جاؤں
قدم قدم ہے سعادت سفر مدینے کا
درود پڑھتا ہوا جھومتا چلا جاؤں
گناہگار ہوں جاذبؔ بروزِ حشر مگر
شفاعتوں کا اثر دیکھتا چلا جاؤں
محمد اکرم جاذب





